ڈولفن اسکواڈ نے ایک ہی دن میں لاہور میں دوسری بڑی کارروائی کرتے ہوئے رکشا آنٹی گینگ کے نام سے مشہور خواتین نوسرباز گینگ کو گرفتار کرلیا۔
لوگوں نے اب تک کئی گینگ کے نام سنے ہوں گے اور ان پر بنی کئی فلمیں بھی دیکھی ہوں گی، لیکن ڈولفن پولیس نے ایک ایسے گینگ کو گرفتار کیا ہے جنہیں ان کی انفرادی خصوصیت کے باعث رکشا آنٹی گینگ کا نام دیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈولفن اسکواڈ نے لاہور میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے خواتین نوسرباز گینگ کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق آئے دن ہونے والی ایسی وارداتوں کی شکایات پر ڈولفن پولیس مستعد ہوگئی تھی اور انہوں نے شہر کے ایسے مقامات پر جہاں اس قسم کی وارداتیں زیادہ رپورٹ ہورہی تھیں وہاں کڑی نگرانی شروع کردی تھی۔
ڈولفن پولیس کے مطابق گرفتاری سے قبل مذکورہ گینگ نے مسلم ٹاؤن موڑ پر اوکاڑہ کے رہائشی ایک بزرگ شہری سے واردات کی تھی۔
رکشا آنٹی گینگ کے نام سے مشہور یہ گینگ پولیس کو درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھا تاہم ڈولفن پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ گینگ میں گرفتار خواتین کی تعداد کتنی ہے
واضح رہے کہ پیر کے روز ہی ڈولفن اسکواڈ نے لاہور میں گھر سے لاپتہ ہونے والی لڑکی کو تلاش کیا تھا۔
اس سے قبل بھی ڈولفن اسکواڈ کئی کامیاب کارروائیاں کرچکا ہے۔
مزید پڑھیں: لاہور : چوری کی وارداتوں میں ملوث خواتین کا گروہ گرفتار
گزشتہ سال ڈولفن اسکواڈ نے چوری کی وارداتوں میں ملوث خواتین کے گروہ کو گرفتار کیا تھا۔
پولیس نے ملزمان سے مسروقہ نقدی اور پرس بھی برآمد کیا تھا۔