جمعرات, فروری 13, 2025
اشتہار

پاکستانی کپتان اور نائب کپتان ریکارڈز کا سونامی لے آئے

اشتہار

حیرت انگیز

جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں میں پاکستان نے نہ صرف شاندار فتح حاصل کی بلکہ کپتان اور نائب کپتان نے ریکارڈز کے انبار لگا دیے۔

سہ فریقی ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں گزشتہ روز پاکستان نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دیے گئے پہاڑ جیسے ہدف 353 رنز کو عبور کر کے شاندار فتح حاصل کی اور اس کے ساتھ ہی فائنل کا ٹکٹ بھی کٹوایا۔

میچ کے کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا رہے۔ جنہوں نے ریکارڈ ساز بیٹنگ کرتے ہوئے نہ صرف سنچریاں اسکور کیں بلکہ سابق کئی ریکارڈز تہس نہس کر دیے۔

پاکستان نے گزشتہ روز 4 وکٹوں پر 353 رنز بنا کر سب سے بڑا ہدف حاصل کیا۔ اس سے قبل قومی ٹیم نے 2022 میں آسٹریلیا کے خلاف 349 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔

اس کے ساتھ ہی گرین شرٹس گزشتہ پانچ سال میں 350 سے زائد ہدف حاصل کرنے والی پہلی ٹیم بھی بن گئی ہے۔

اس اہم معرکے میں آغا سلمان نے 16 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 134 رنز جبکہ کپتان محمد رضوان نے ناقابل شکست 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 122 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی جانب سے یہ پہلی بار ہوا ہے کہ چوتھے اور پانچویں نمبر کے بیٹرز نے ایک ہی اننگز میں سینچری اسکور کی ہو۔ ہوم گراؤنڈ پر سلمان علی آغا اور کپتان محمد رضوان نے چوتھے اور پانچویں نمبر پر بلےبازی کرتے ہوئے سنچری بنانے کا ریکارڈ بھی بنایا۔

سلمان اور رضوان نے 260 رنز کی شراکت داری بھی کی، جو پاکستان کیلیے ون ڈے کرکٹ میں ہدف کے تعاقب میں سب سے بڑی پارٹنر شپ ہے۔

دونوں بیٹرز نے محمد حفیظ اور عمران فرحت کو پیچھے چھوڑا، جنہوں نے 2011 میں زمبابوے کے خلاف ناقابل شکست 228 رنز کی شراکت قائم کی۔

کپتان اور نائب کپتان کی 260 رنز کی پارٹنر شپ پاکستان کیلیے چوتھی وکٹ کی سب سے بڑی پارٹنر شپ بھی تھی۔ اس سے پہلے بہترین بلے باز شعیب ملک اور محمد یوسف نے سال 2009 چیمپئینز ٹرافی میں بھارت کے خلاف 206 رنز بنائے تھے۔

آغا سلمان اور رضوان کی میچ جیتنے والی شراکت پاکستان کیلیے ون ڈے میں کسی بھی بیٹنگ پوزیشن کیلئے تیسری سب سے بڑی پارٹنرشپ تھی۔

اس سے قبل اوپنر فخر زمان اور امام الحق کے درمیان 304 رنز جبکہ انضمام الحق اور عامر سہیل کے درمیان 263 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تھی۔

سہ فریقی ٹورنامنٹ کا فائنل کل (جمعہ) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں