واشنگٹن : امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ کا کہنا ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے بغیر ثبوت کے جارحیت کی۔
تفصیلات کے مطابق امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے بغیر ثبوت کے جارحیت کی، بھارتی جارحیت لاقانونیت پر مبنی رویے کی عکاسی کرتی ہے۔
سفیررضوان سعید کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نےبھرپوردفاعی کارروائی کی، پاک فوج قومی مفاد میں بھارت کو جواب ضرور دے گی۔
مزید پڑھیں : حملہ کیا تو جوہری طاقت استعمال کر سکتے ہیں، پاکستانی سفیر نے بھارت کو خبردار کردیا
انھوں نے کہا کہ عالمی برادری نے پاکستان کی شفاف انکوائری کے مطالبے کا خیرمقدم کیاتھا۔
مزید پڑھیں : حملہ کیا تو جوہری طاقت استعمال کر سکتے ہیں، پاکستانی سفیر
یاد رہے اس سے قبل واشنگٹن میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی تھنک ٹینک نمائندگان کو پاک بھارت کشیدہ صورتحال پر بریفنگ دی اور پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کے مطالبے کا اعادہ کیا۔
پاکستانی سفیر نے کہا تھا کہ بھارت نے پہلگام واقعے سے متعلق کوئی ثبوت پاکستان یا دنیا کے سامنے نہیں رکھا، بھارت کے جنگی جنون نے علاقائی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ بھارت اپنی جبر انگیز پالیسیوں، انتخابی مصلحتوں اور انتظامی نااہلیوں کا بوجھ پاکستان پر نہیں ڈال سکتا۔