کراچی : ملیر کے علاقے گڈاپ میں مبینہ کلاشنکوف بردار ملزمان پکنک منانے کے لیے آئے 25 سے زائد افراد کو لوٹ کر فرار ہوگئے اور مزاحمت پر نوجوان کو گولی بھی ماردی۔
تفصیلات کے مطابق نئے کراچی پولیس چیف کی نئی ٹیم بھی جرائم پیشہ عناصر کو وارداتیں کرنے سے نا روک سکی اور ملیر پولیس پکنک منانے والے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوگئی
گڈاپ کے علاقے میں ڈاکووں نے فارم ہاوس پردھاوا بولا اور پکنک منانے کے لیے آئے درجنوں افراد کو لوٹ لیا۔
ملزمان نے مزاحمت پر 22 سالہ نوجوان کو بھی گولی ماردی اور لوٹ مار کے بعد دو موٹرسائیکلوں پر فرار ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 5 مسلح ملزمان کی جانب سے واردات کی گئی جو ہتھیاروں سے لیس بلوچستان سے لوٹ مار کے لیے آئے تھے اور واردات کے بعد دیہہ بند مراد کی جانب سے فرار ہوئے۔
حکام نے کہا کہ ان ملزمان نے 25 سے تیس افراد جو فارم ہاؤس میں پکنک منانے آئے تھے ان کو لوٹا ہے، متاثرہ افراد کے مطابق ملزمان کے پاس کلاشنکوفیں بھی تھی تاہم فرار ہوتے وقت گاؤں کے لوگوں نے بھی ملزمان کا پیچھا کیا۔
دوسری جانب لٹنے والے افراد نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے اپیل کی ہے اور نقصان کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔