بنکاک: آپ نے ہمیشہ چوروں کو رقم، زیورات یا قیمتی اشیا چرانے کی غرض سے گھروں میں گھستے دیکھا ہوگا لیکن تھائی لینڈ میں ایک چور نے اپنی انوکھی حرکت سے سب کو ہنسنے پر مجبور کردیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ کے صوبے پٹچھابن میں واردات کے لیے گھر میں گھسنے والا چور اشیا چرانے کے بجائے بستر پر جاکر سوگیا۔ گھر والوں کی اطلاع پر پولیس جائے وقوع پر پہچی اور ملزم کے ہوش ٹھکانے لگا دیے۔ ممکنہ طور پر ملزم نے تھکاوٹ کے باعث سونے کا فیصلہ کیا تھا۔
چور کی اس انوکھی حرکت پر سوشل میڈیا صارفین قہقہے لگا رہے ہیں۔ ایسا پہلی مرتبہ دیکھا گیا کہ ڈکیت گھر کا سفایا کرنے کے بجائے خوابِ خرگوش کے مزے لے رہا تھا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر چور کو جگایا اور گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئی۔ 22 سالہ ملزم کے حوالے سے انکشاف کیا گیا ہے کہ یہ چوری کے لیے کسی گھر کی تلاش میں تھا اور اس نے جس گھر کا انتخاب کیا وہ پولیس افسر کا تھا۔
چور کا ارادہ مختصر نیند لینا تھا لیکن کمرے میں لگے ایئرکنڈیشن نے اسے گہری نیند میں پہنچا دیا۔