اتوار, اپریل 20, 2025
اشتہار

کراچی : شہری نے ڈاکو کو کیسے گولی ماری ؟ فوٹیج اے آر وائی نیوز پر

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی کے علاقے گلشن اقبال 13 ڈی ٹو میں شہری نے ڈکیتی کی کوشش کا ناکام بناتے ہوئے فائرنگ کرکے ایک ڈاکو کو موقع پر ہی مار ڈالا۔

پولیس حکام کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار تین مسلح ڈکیتوں نے شہری کو لوٹنے کی کوشش کی، اس دوران وہاں موجود دوسرے شہری نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کر دی، جس سے ایک ڈکیت مارا گیا۔

واقعے کے بعد ہلاک ہونے والے ڈاکو کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مارے گئے ڈکیت کے پاس سے اسلحہ ملا ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والا شہری موقع سے چلا گیا، ہلاک ڈاکو کی لاش کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سفید گاڑی فٹ پاتھ کے قریب آکر رکتی ہے، شہری جیسے ہی گاڑی سے نکلا پیچھے سے موٹر سائیکل آکر رکی، مشتبہ شخص کو دیکھتے ہی شہری واپس گاڑی میں جھکا اور پستول نکال لیا۔

فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مبینہ ڈاکو نے بھی شہری کو دیکھتے ہی پستول نکالا، ڈاکو پستول ہاتھ میں تھام کرجیسے ہی قدم اٹھایا شہری نے فوراً گولی چلادی۔

گولی چلتے دیکھ کر ڈاکو نے بھاگنے کی کوشش کی مگر گر پڑا اور شہری ڈاکو پر مسلسل گولیاں چلاتا رہا، سڑک کی دوسری جانب شہری کھڑے ہو کر سارا منظر دیکھتے رہے۔ کار سوار نے گاڑی ریورس کی اور موقع سے چلا گیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت نبیل احمد کے نام سے ہوئی ہے، جو ماضی میں بھی ڈکیتی کے الزام میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔

ملزم کے خلاف 2013 سے لے کر آج تک متعدد مقدمات درج ہیں، ہلاک ہونے والا ملزم ڈکیتی، غیرقانونی اسلحہ سمیت دیگر مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں