کراچی: شہر قائد کے علاقے عزیز آباد میں ڈکیتی کی عجیب و غریب واردات ہوئی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے عزیز آباد میں واقع دانتوں کے کلینک میں ایک عمر رسیدہ ڈکیت اپنے نوجوان ساتھی کے ساتھ مریض بن کر ڈاکٹر سے معائنہ کروانے اور دانت لگوانے آیا۔
ڈاکٹر مریض کا حال پوچھنے کے بعد پرچے پر اُس کا حال اور دوا لکھنے میں مصروف تھا کہ اسی دوران عمر رسیدہ شخص نے اپنے نوجوان ساتھی کو اشارہ کیا۔
عمر رسیدہ شخص کا اشارہ ملتے ہی نوجوان ڈکیت اپنی جگہ پر کھڑا ہوا اور اُس نے چھپا ہوا اسلحہ نکال کر ڈاکٹر پر تان دیا۔
دوسرا ڈاکٹر جب باتھ روم سے فارغ ہوکر کمرے میں آیا تو ڈکیتوں نے دونوں کو یرغمال بنا کر زمین پر بیٹھا دیا۔ اس دوران نوجوان میز کی درازوں سے رقم نکالتا رہا۔
ڈاکٹر نے موقع غنیمت جان کر اپنی جیب میں موجود رقم دیوار کے سوراخ میں پھنسائی مگر اسلحے کے آگے وہ بھی بے بس ہوگیا۔ رپورٹ کے مطابق عمر رسیدہ اور نوجوان ڈکیت نے پرسکون انداز میں اپنی واردات مکمل کی اور کلینک سے رقم سمیٹ کر باآسانی فرار ہوگئے۔