اوکاڑہ میں ڈاکوؤں نے دن دیہاڑے صراف کی دکان کا صفایا کر دیا اور 70 لاکھ روپے مالیت کے زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈکیتی کی یہ واردات اوکاڑہ کے کچہری بازار میں گزشتہ روز پیش آئی جہاں دو ڈاکو جیولر شاپ میں داخلے ہوئے اور دکان مالک سمیت عملے کو بزور اسلحہ یرغمال بنا کر لوٹ مار کی۔
ڈاکو اتنے چالاک تھے کہ سراغ مٹانے کے لیے واردات کے بعد دکان میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ بھی ساتھ ہی لے گئے۔
پولیس جب تک جائے وقوعہ پر پہنچی، تب تک ڈاکو واردات کر کے با آسانی فرار ہو چکے تھے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
اس سے قبل گزشتہ سال اکتوبر میں پشاور میں ایک گھر میں ڈکیتی کے دوران ڈاکو 143 تولے سونا اور 10 لاکھ نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے تھے جس کی مالیت ساڑھے تین کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔
سال 2023 میں بھی ڈکیتی کی ایک بڑی واردات ہوئی تھی۔ رحیم یار خان میں ڈاکو جیولرز سے 18 کروڑ روپے مالیت کا سونا لوٹ کر انہیں کنگال کر گئے تھے۔