کراچی : دن دہاڑے سرکاری افسر کے گھر میں ڈکیتی کی واردات میں ملزمان 20 منٹ میں گھر کا صفایا کر کے فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں گھروں میں لوٹ مار کی وارداتوں پر قابو نہ پایا جاسکا، زمان ٹاؤن میں دن دہاڑے سرکاری افسر کے گھر میں ڈکیتی کی واردات ہوئی۔
2موٹر سائیکلوں پر سوار 3 ملزمان نے گھرمیں واردات کی اور 20منٹ میں ملزمان نےگھرکاصفایاکرڈالا، ملزمان لاکھوں روپے مالیت کے زیورات، نقدی، پرائزبانڈ اور سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے ، جس میں ملزمان کو گھر میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے، سفی اللہ کے مطابق ملزمان نے اسکول سے آنے والی معصوم بچی کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کی۔
سرکاری افسر نے بتایق کہ ملزمان پینٹ شرٹ میں ملبوس اور ماسک لگائے ہوئے تھے، ایک ملزم نے اسکول بیگ پہنا ہوا تھا جس میں لوٹا گیا سامان سمیٹا گیا.
اس سے قبل کراچی کے علاقے بلال کالونی تھانے کی حدود سیکٹر فائیو ای میں موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے دن دہاڑے واردات کی اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد چائے کے ہوٹل پر بیٹھے شہریوں سے نقدی، موبائل فون اور قیمتی سامان چھین کر باآسانی فرار ہوئے، موٹرسائیکل پر سوار 4 ملزمان نے 8 سے زائد افراد سے لوٹ مار کی۔
اس کے علاوہ کراچی میں ڈکیتی کی ایک اور واردات میں ناگن چورنگی کے قریب مسلح افراد نے شہری کو اس کے گھر کے دروازے پر لوٹ لیا۔