کراچی : پی ٹی آئی ایم پی اے ڈاکٹر سیما ضیا کے گھر کے باہر ڈکیتی کی واردات میں چوکیدار زخمی ہوگیا، خرم شیرزمان نے پولیس ناکوں کے باوجود جرائم میں اضافہ کی مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی ایم پی اے ڈاکٹر سیما ضیا کے گھر کے باہر ڈکیتی کی واردات ہوئی ، ڈکیتی مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے ڈاکٹر سیما ضیا کا چوکیدار زخمی ہوگیا، واقعہ گزشتہ رات ساؤتھ زون کے علاقے میں پیش آیا۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما خرم شیرزمان نے بتایا کہ سیما ضیا کے گھر کے باہر ڈکیتوں نے پہلے ڈلیوری بوائے سے لوٹ مار کی، ڈکیتی مزاحمت کے دوران ملزمان نے فائرنگ کی، فائرنگ کی زد میں ایم پی اے ڈاکٹر سیما ضیا کا چوکیدار آیا۔
خرم شیرزمان کا کہنا تھا کہ چوکیدار زخمی حالت میں اسپتال میں زیرعلاج ہے، کراچی میں پولیس ناکوں کے باوجود جرائم میں اضافہ قابل مذمت ہے، پولیس سڑکوں پر خانہ پوری اور اپنی جیبیں گرم کررہی ہے۔
ڈاکٹر سیما ضیا کے گھر کے قریب ڈی آئی جی ساؤتھ کی رہائش گاہ ہے، ڈی آئی جی ساؤتھ کے علاقے میں جرائم کی واردارتیں لمحہ فکریہ ہیں، شہر کا امن و امان برقرار رکھنا آئی جی سندھ کے بس میں نہیں ہے، آئی جی سندھ نے کراچی کو ڈکیتوں کے سپرد کردیا ہے۔