بھارتی ٹی ٹوئنٹی کپتان روہت شرما کو مشورہ دیا جارہا ہے کہ وہ ورلڈکپ سے قبل چیف سلیکٹر اجیت اگرکار کو اپنا استعفیٰ پیش کردیں۔
آئی پی ایل کے رواں سیزن میں بھارتی جارح مزاج اوپنر اپنی بیٹنگ کا جادو جگانے میں ناکام نظر آئے ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ ان کا بلا رنز اگلنا بھول گیا ہے۔ سن رازئر حیدرآباد کے خلاف بھی پیر کو ہونے والے میچ میں ممبئی کے پلیئر کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے۔
ممبئی انڈینز کے سابق کپتان کو سوشل میڈیا پر کرکٹ شائقین کے غصے کا سامنا کرنا پڑرہا کیونکہ انڈئن پریمیئر لیگ میں ان کی خراب فارم کا سلسلہ جاری ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر حمزہ شیخ نامی شخص نے لکھا کہ جو روہت کی شرٹ کا نمبر ہے انھوں نے اتنا ہی اسکور بنانے پر اکتفا کیا۔
اشش شکلا نامی شخص نے لکھا کہ روہت شرما کو چاہیے وہ بھارتی چیف سیلکٹر اجیت اگرکار کو کال کریں اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے اپنا استعفیٰ پیش کردیں!
ہیمانک نامی صارف نے لکھا کہ اس وقت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے روہت شرما کی سلیکشن سوالیہ نشان بن چکی ہے۔
واضح رہے کہ روہت کی حالیہ فارم بھارتی ٹیم کے لیے اچھی علامت نہیں ہے کیونکہ وہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔
روہت نے آئی پی ایل کی شروعات تو اچھی کی تھی لیکن آخری چھ میچوں میں ان کی پرفارمنس نہایت خراب رہی جبکہ وہ آخری پانچ اننگز میں صرف 33 رنز بنا پائے ہیں۔