بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما ان دنوں مایوس کُن کارکردگی کے باعث شدید تنقید کی زد میں ہیں، بھارتی کپتان کی سال 2024 کی آخری پوسٹ سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے۔
بھارتی کپتان اس وقت آسٹریلیا میں بھارتی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں جہاں وہ پہلے ہی ہوم ٹیم کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں 1-2 کے خسارے میں ہیں جبکہ اب صرف ایک میچ باقی رہ گیا ہے۔
گزشتہ برس روہت کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے یو ایس اے اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کامیابی حاصل کی تھی۔ تاہم ”ہٹ مین” ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی کارکردگی سے پرستاروں کو متاثر نہیں کرپائے۔
پہلے ٹیسٹ میں شرکت نہ کرنے والے بھارتی کپتان روہت شرما نے بقیہ تین میچز کی پانچ اننگز کے دوران کسی بھی ایک اننگز میں زیادہ سے زیادہ 10 رنز اسکور کئے۔
ایسی صورتحال کے دوران ان کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے بڑے پیمانے پر وائرل ہوگئی۔ اس پوسٹ میں انہوں نے 2024 میں حاصل کی گئی اپنی کامیابیوں کی جھلک کو پیش کیا تھا۔
پوسٹ میں روہت نے کیپشن میں دلچسپ عبارت تحریر کی جس نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی۔ بھارتی کپتان نے تحریر کیا، ’تمام اتار چڑھاؤ اور اس کے درمیان ہر چیز کے لیے شکریہ 2024۔‘
واضح رہے کہ بھارتی ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت نے مسلسل ناکامیوں کے بعد اپنے کرکٹ کیریئر سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔
انہوں نے اپنی ذاتی پرفارمنس اور ٹیم کی مسلسل ناکامیوں کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے اور بھارتی میڈیا کے مطابق وہ آسٹریلیا کے خلاف جاری سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے اختتام پر اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیں گے۔
ڈیوڈ وارنر نے بھی پی ایس ایل 10 کے لئے رجسٹریشن کروالی
رپورٹ کے مطابق روہت نے اپنے اس فیصلے سے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے اعلیٰ حکام اور سلیکٹرز کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔ تاہم وہ آئندہ برس پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بلیو شرٹس کی بدستور قیادت کریں گے۔