برسبین ٹیسٹ میں بھارتی کپتان روہت شرما اور کے ایل راہول کی بیٹنگ کے دوران ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارت اور آسٹریلیا کے کھیلے جارہے تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بھارت نے کھیل کے اختتام پر 9 وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز بنالیے ہیں جبکہ انہیں کینگروز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 198 رنز درکار ہیں، آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں اسٹیو اسمتھ اور ٹریوس ہیڈ کی سنچریوں کی بدولت 445 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔
آکاش دیپ 27 اور جسپریت بمراہ 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔
آسٹریلیا کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مچل اسٹارک نے تین جوش ہیزل ووڈ اور نیتھن لائن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
کے ایل راہول نے شاندار 84 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان روہت شرما 10 رنز بنا کر پیٹ کمنز کا نشانہ بنے۔
تاہم چوتھے اوور میں مچل اسٹارک بولنگ کررہے تھے کے ایل راہول نے گیند کو روکا اور سنگل لینے کے لیے دوڑ پڑے لیکن روہت شرما بھاگتے ہوئے بیچ میں رکے اور پھر بمشکل کریز پر پہنچنے میں کامیاب ہوئے اور رن آؤٹ ہوتے بچے۔
رنز مکمل کرنے کے بعد روہت شرما نے کے ایل راہول سے کہا کہ ’میں رک گیا تھا یار‘ ان کی یہ گفتگو اسٹمپ مائیک میں ریکارڈ ہوگئی جو وائرل ہورہی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے اور دونوں ٹیموں کو چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں جگہ بنانے کے لیے جیت لازمی درکار ہے۔