بھارتی کرکٹ شائقین نے کپتان روہت شرما کے پھر سے ناکام ہونے پر کہا ہے کہ وہ ٹیم پر بوجھ بن چکے ہیں، پلیز ریٹائر ہوجائیں۔
انگلینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے ون ڈے میں بھی روہت شرما بری طرح ناکام ثابت ہوئے اور 7 گیندوں پر صرف 2 رنز بنا کر چلتے بنے جس پر شائقین کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا اور سوشل میڈیا صارفین انھیں جی بھر کر تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور ان سے ریٹائرمنٹ کا مطالبہ کررہےہ ہیں۔
روہت شرما نے انگلش بولر ثاقب محمود کی بال کو فلک کرنے کی کوشش کی، تاہم بال ان کے بلے سے ٹاپ ایج لگتے ہوئے ہوا میں بلند ہوئی اور لیام لیونگسٹن نے کیچ تھام لیا۔
روہت 2024-25 کے سیزن کے دوران تمام فارمیٹس میں 6، 5، 23، 8، 2، 52، 0، 8، 18، 11، 3، 6، 10، 3، 9 اور 2 رنز اسکور کرپائے ہیں، 10.37 کی اوسط سے 16 اننگز میں مجموعی طور پر انھوں نے صرف 166 رنزبنائے ہیں۔
سوشل میڈیا پر اپنے دل کی بھڑاس نکالتے ہوئے لوگوں نے لکھا کہ روہت شرما تم ٹیم پر بوجھ بن چکے ہو، پلیز ریٹائر ہوجاؤ، کئی صارفین نے ان کی فارم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
سوشل میڈیا صارفین نے روہت شرما کے لیے کسی رحم دلی کا مظاہرہ نہیں کیا اور انھیں کھری کھری سنائی کئی صارفین نے ان سے فوری ریٹائرمنٹ کا مطالبہ بھی کیا۔
خیال رہے کہ بھارتی کپتان روہت شرما کا بلا نہ صرف انٹرنیشنل کرکٹ بلکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی رنز اگلنا بھول گیا ہے وہ فارم بحال کرنے ڈومیسٹک کھیلنے گئے تھے لیکن وہاں بھی 3 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔
بھارتی ٹیم کے کپتان انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل ممبئی اور جموں و کشمیر کے درمیان رانجی ٹرافی کے مقابلے کے دوران صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔
2015 کے بعد اپنا پہلا رانجی ٹرافی میچ کھیلنے والے روہت شرما جموں و کشمیر کے فاسٹ بولر کی باؤنسرز سئے پریشان نظر آئے اور 19 گیندوں پر 3 رنز بنا کر فاسٹ بولر عمر نذیر کی گیند پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔