اسلام آباد: ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کے روٹ پر سہ فریقی اجلاس میں معاہدہ طے پا گیا۔
تفصیلات کے مطابق منگل کے روز پاکستان کے شہر اسلام آباد میں افغانستان، پاکستان اور ازبکستان کے ریلوے کے اعلیٰ حکام کے درمیان مزار شریف سے شروع ہونے والے ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کے روٹ پر سہ فریقی اجلاس ہوا۔
اجلاس میں مزار شریف سے صوبہ پکتیا کے پورٹ خرلاچہ تک روٹ پر اتفاق کیا گیا ہے، نیز اس میٹنگ میں اس پروجیکٹ کو آگے لے جانے کے لیے ایک سالہ پلان پر دستخط بھی کیے گئے ہیں۔
منصوبے کے مطابق ایک بین الاقوامی مشاورتی کمپنی اس منصوبے کے لیے ضروری معلومات فراہم کرے گی، تاکہ یہ معلومات مختلف طریقوں سے ممالک اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ شیئر کی جا سکیں، اور اس کی بنیاد پر بین الاقوامی ادارے اور ممالک اس منصوبے میں دل چسپی لیں گے۔
ساتھ ہی اجلاس کے شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ اس منصوبے کی فیزیبلٹی کا تکنیکی اور تفصیلی مطالعہ انتہائی درستگی، اچھے معیار اور مناسب رفتار کے ساتھ کیا جائے، تاکہ جلد از جلد کام کو عملی طور پر شروع کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ اس ملاقات میں تینوں ممالک کے ریلوے کے اعلیٰ حکام کے علاوہ اسلام آباد میں افغان سفیر سردار محمد شکیب، ازبکستان کے سفیر عثمانوف، پاکستان کے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بھی شرکت کی۔