بھارت کی ریاست اتر پردیش میں انتہا پسند ہندو تنظیم آر ایس ایس کے رہنما اور ان کی سوتیلی بیٹی کو گلا کاٹ کر قتل کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے 67 سالہ رہنما اور ان کی سوتیلی بیٹی کو نامعلوم افراد نے اُس وقت قتل کیا جب وہ گھر میں سو رہے تھے۔
علی الصبح 6 بجے جب پڑوسی نے مقتولین کے گھر کا مرکزی دروازہ کھلا دیکھا تو وہ اندر گیا جہاں لاشیں موجود تھیں۔ اس نے فوری پولیس کو طلب کیا۔
مقتول کی شناخت یوگیش چند اگروال کے نام سے ہوئی جو آر ایس ایس کے ضلعی صدر تھے۔ انہوں نے 27 سالہ مقتولہ شریتی کو گود لیا تھا۔
جس کمرے میں مقتولین سو رہے تھے وہاں ہرطرف خون کے نشانات پائے گئے۔ پولیس کے مطابق ڈکیتی کے دوران باپ بیٹی نے مزاحمت کی جس پر دونوں کو قتل کیا گیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے ثبوت اکھٹے کر لیے۔ ملزمان نے گھر میں گھسنے کے فوراً بعد سی سی ٹی وی کو ناکارہ بنایا تاکہ ان کی شناخت نہ ہو سکے۔
دہرے قتل کی واردات کی تحقیقات کیلیے پولیس کی چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔