کراچی : پاکستان کے نئے متوقع وزیراعظم عمران خان کی تقریر کے بعد کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت نیچے آنے لگی جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نمایاں تیزی دیکھی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کی واضع برتری اور عمران خان کی تقریر کے بعد کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہوا، جس کے باعث انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی اور روپے کی قدر میں بہتری ریکارڈ کی گئی۔
انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 128روپے سے نیچے آگیا اور30پیسے سستا ہو کر 127.90روپے ہوگیا۔
گذشتہ روز بھی اوپن مارکیٹ میں ڈالر ڈیڑھ روپے سستا ہوا جبکہ انٹر بینک میں بھی 28 پیسے سستا ہوا تھا،جس کے بعد انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 128.21 اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 129.30 کا ہوگیا تھا۔
ڈیلرز کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی جیت کے بعد روپے کی قدر میں بہتری دیکھی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں : تحریک انصاف کی فتح کے بعد روپے کی قدر میں بہتر ی
دوسری جانب شیئرمارکیٹ میں بہتری کا رحجان دیکھا جارہا ہے، آج بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت آغاز دیکھا گیا اور دوران کاروبار 100انڈیکس میں 200 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
گذشتہ روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں750پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی تھی۔
واضح رہے کہ الیکش کمیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کی 251 نشتوں پر نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے، قومی اسمبلی میں 110 نشتوں کے ساتھ پی ٹی آئی کو واضح برتری حاصل ہے۔