روس نے امریکی نائب صدر کملا ہیرس، فیس بک کے بانی مارک زکر برگ سمیت 29 اہم امریکی شخصیات کو بلیک لسٹ کردیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی وزارت خارجہ نے اعلان کیا کہ روس نے 29 امریکی شہریوں کو بلیک لسٹ کر دیا ہے جن میں امریکی نائب صدر کملا ہیرس، فیس بک کے بانی مارک زکربرگ سمیت اعلیٰ حکام، کاروباری شخصیات، ماہرین اور نامہ نگاروں کے ساتھ ساتھ اعلیٰ امریکی حکام کی بیویاں بھی شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ روس کی جانب سے یہ امریکی پابندیوں میں مسلسل توسیع کے جواب ہے جو جو بائیڈن کی انتظامیہ نے روسی عہدیداروں، ان کے خاندان کے افراد کے ساتھ ساتھ تاجروں، سائنسدانوں اور فنکاروں پر عائد کی تھیں، جس کے ردعمل میں روس نے یہ پابندیاں نافذ کی ہیں۔
روس کے اس حالیہ فیصلے کے مطابق مجموعی طور پر 29 امریکی بشمول اعلیٰ حکام، تاجر، ماہرین اور رپورٹرز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ روسی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ روسوفوبک ایجنڈا کے ساتھ ساتھ متعدد اعلیٰ عہدے داروں کی بیویوں کو بلیک لسٹ کیا جا رہا ہے۔
وزارت نے مزید کہا کہ روسی بلیک لسٹ کی نئی توسیع کے بارے میں ایک اور اعلان جلد ہی کیا جائے گا، جو کہ امریکی دشمنانہ اقدامات کے جوابی اقدامات کے حصے کے طور پر ہوگا۔
واضح رہے کہ امریکا نے اہم روسی شخصیات کے بعد رواں ماہ کے آغاز میں روسی صدر پیوٹن کی بیٹیوں پر بھی پابندی عائد کردی تھی۔
اس حوالے سے امریکی حکام کا دعویٰ تھا کہ صدر پیوٹن کی بیٹی کترینا تیخونووا ایک ٹیکنالوجی کمپنی کی سربراہ ہیں، جو روسی دفاعی صنعت کو مدد فراہم کرتی ہے، جب کہ دوسری بیٹی ماریہ ورونوٹسوا سرکاری فنڈز پر چلنے والے جینیاتی تحقیق کے پروگراموں کی سربراہی کرتی ہیں۔
مزید پڑھیں: پیوٹن کی بیٹیوں پر بھی پابندیاں عائد
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک سینیئر امریکی عہدے دار کا کہنا تھا کہ پیوٹن کے اثاثے ان کے خاندان کے افراد کی آڑ میں چھپائے گئے ہیں۔