روس نے زیرقبضہ علاقوں کے بدلے قبضہ کیے یوکرینی علاقوں کی واپسی کی تجویز کو مسترد کر دیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق کریملن کے صدارتی ترجمان نے کہا کہ یوکرین کی افواج کو تباہ کر دیا جائے گا یا پھر روس کے زیرقبضہ علاقوں سے باہر نکالا جائے گا۔
یوکرینی صدر نے روس کے قبضہ علاقوں کے بدلے یوکرینی علاقےخالی کرنےکی تجویز دی تھی جس پر روسی وزارت خارجہ نے جواب میں کہا کہ روس یوکرینی فوج سے اپنے علاقے بہت جلدخالی کرائےگا۔
یوکرین نےگزشتہ سال اگست میں کرسک ریجن کےکئی علاقوں پرقبضہ کر لیا تھا۔ روس نے بدلے میں یوکرین کے 20 فیصد علاقے پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔
روس کی وزارت دفاع کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ روسی فوج نے مشرقی یوکرین میں حملے تیز کر کے، اس کے فوجیوں نے یوکرین کے علاقے دونیتسک کے تزویراتی اعتبار سے ایک اہم قصبے پر قبضہ کر لیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روسی وزارت دفاع نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس نے یوکرینی افواج کے مضبوط گڑھ ولائیکا نووسِلکا پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
ماہرین کے حوالے سے یوکرینی ذرائع ابلاغ کا کہنا تھا کہ روسی فوجی وہاں سے مزید پیشرفت کر سکتے ہیں۔
دریں اثنا، یوکرین کی فوج کے جنرل اسٹاف کا کہنا تھا کہ انہوں نے روسی علاقے ریازن میں تیل صاف کرنے کے کارخانے پر حملے کے لیے ڈرونز استعمال کیے ہیں۔