روس نے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر یوکرین بھیجے جانے والے برطانوی ٹینک وہاں جل جائیں گے اور ان جدید ہتھیاروں کی فراہمی سے جنگ کے نتیجے میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے سے ایسی خبریں زیرگردش تھیں کہ لندن یوکرین کے اپنے جدید ترین چیلنجر2مین بیٹل ٹینک فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اورہفتہ کے دن ان خبروں کی اس وقت تصدیق ہوگئی جب برطانوی وزیراعظم رشی سوناک نے یوکرینی صدر زیلنسکی کو فون کرکے 14 ٹینک اوراضافی آرٹلری نظام آئندہ ہفتوں میں فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
اس خبر کے ردعمل میں کرملین نے واضح طور پر کہا کہ برطانیہ یوکرین کو ایک اوزار کے طور پر استعمال کررہا ہے اور اس کے ذریعے سے روس مخالف اہداف کا حصول چاہتا ہے۔
روسی صدارتی دفتر کرملین کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے اخبار کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران برطانوی ٹینکوں کے بارے میں کہا کہ یہ ٹینک بھی باقی ٹینکوں کی طرح جل کر راکھ ہوجائیں گے۔
مزید پڑھیں : برطانیہ نے یوکرین کو چیلنجر 2 ٹینک بھیجنے کی تصدیق کر دی
روسی صدارتی دفتر کے ترجمان نے مزید کہا کہ انگلینڈ اور پولینڈ کی جانب سے جدید ہتھیاروں کی یوکرین کو فراہمی سے زمینی حقائق نہیں بدلیں گے اوریہ ان ممالک کی جنگ کو طول دینے کی کوشش ہے اور اس سے یوکرین کے لئے مزید مشکلات پیدا ہوں گی۔