ماسکو: روس میں ایک پاور ویٹ لفٹر کے بھاری وزن اٹھانے کی کوشش میں دونوں گھٹنے ٹوٹ گئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روس کے شہر ماسکو میں ہونے والی ورلڈ را پاور لفٹنگ فیڈریشن کے مقابلوں میں الیگزینڈر سیڈک نے 900 پونڈ وزن اٹھانے کی کوشش کی تو ان کے دونوں گھٹنے ٹوٹ گئے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاور ویٹ لفٹر دونوں گھٹنے متاثر ہونے پر زمین پر آگرے اور قریب سہارا دینے کے لیے موجود لوگ ان کے قریب آگئے۔
رپورٹ کے مطابق الیگزینڈر سیڈک کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی 6 گھنٹے تک سرجری کی گئی۔
روسی میڈیا کے مطابق الیگزینڈر نے اسپتال میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ دو ماہ تک بیڈ ریسٹ پر ہی رہیں گے اور انہیں دوبارہ چلنا سیکھنا ہوگا۔‘
پاور ویٹ لفٹر کا کہنا ہے کہ ’تکلیف کھیل کا حصہ ہے لیکن ہم اس پر قابو رکھتے ہیں، دو مہینوں ٹک لیٹے رہنا اور اپنی ٹانگیں حرکت نہیں کرنا بہت تکلیف دہ ہے لیکن مجھے دوبارہ چلنا اور صحت یاب ہونا ہے۔
الیگزینڈر سیڈک نے یہ واضح نہیں کیا کہ صحت یاب ہونے کے بعد وہ اپنے ویٹ لفٹنگ کیریئر کو جاری رکھیں گے یا نہیں۔