پیر, جولائی 7, 2025
اشتہار

برہان وانی کے ساتھی سمیت 11 کشمیریوں کی شہادت، مقبوضہ وادی کی فضا سوگوار

اشتہار

حیرت انگیز

سر نگر : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشتگردی اور خون ریزی کے بعد آج وادی سوگ میں ڈوبی ہوئی ہے، برہان وانی کے ساتھی کی شہادت پر ہر آنکھ اشکبار ہے، حریت رہنماوں نے مزید دو روز تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

حریت رہنما سبزر احمد بٹ اور دیگر 11 کشمیریوں کی شہادت کے بعد مقبوضہ وادی کی فضا سوگوار ہے، ماہ رمضان کے آغاز پر وادی میں ہو کا عالم ہے، حریت پسند سبزر احمد بٹ کی ہلاکت پرمقبوضہ وادی میں احتجاجاً آج مکمل ہڑتال ہے، احتجاج کے ڈر سے قابض فورسز نے مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے، دکانیں اور مارکیٹیں بند اور سڑکیں سنسان ہیں ۔

کشمیری مقدس مہینے میں گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے، کٹھ پتلی حکومت نے حریت رہنماوں کو گھروں میں نظر بند کر رکھا ہے جبکہ وادی میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے ۔

گزشتہ روز بھارتی فورسز کی جانب سے مظاہرین پر تشدد کے بعد حریت رہنماؤں نے مزید دو روز تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یاسین ملک کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر کے سری نگر کی سینٹرل جیل منتقل کیا گیا ہے۔یاسین ملک نے گزشتہ روز برہان وانی کے ساتھی اور حریت پسند سبزر احمد بٹ کی رہائش گاہ کا دورہ کیا تھا۔،


مزید پڑھیں : مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج نے11کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا


بھارتی فورسزنے ہفتے کے روز برہان وانی کے ساتھی سبزر احمد بٹ سمیت گیارہ کشمیری نوجوان شہید کئے تھے، پلوامہ کے علاقے ترال میں برہان وانی کےقریبی ساتھی کمانڈر سبزار بھٹ نے دو ساتھیوں سمیت جام شادت نوش کیا۔سبزار بھٹ کی شہادت پر ہنگامے پھوٹ پڑے، اس کی اطلاع پورے کشمیر میں جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی اور پورا کشمیر سراپا احتجاج بن گیا۔

ترال میں حریت رہنما کی جائے شہادت پر ہزاروں کشمیریوں نے مظاہرہ کیا، رام پور اور اڑی میں بھارتی فوج نے آٹھ حریت پسند شہید کیے ۔شہادتوں کے بعدلوگ سڑکوں پرآگئے،قابض فوجیوں نے مظاہرین پر پیلٹ گن سے فائر کیے۔ جس سے متعدد کشمیری زخمی ہوگئے۔

پاکستان نے کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر مذمت کا اظہار کیا تھا، مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری خون کی ہولی روکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال برہان وانی کی ہلاکت کے بعد کشمیر میں وسیع پیمانے پر عوامی تحریک شروع ہوئی جسے دبانے کی بھارتی فوج کی بزدلانہ کارروائیوں میں کم از کم سو افراد مارے جا چکے ہیں جبکہ ہزاروں گولیوں اور چھروں سے زخمی ہوگئے ہیں۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں