تازہ ترین

کرونا وائرس، کراچی سمیت سندھ کے اسکول آج اور کل بند رکھنے کا اعلان

کراچی: صوبائی وزیر سعید غنی نے 27 اور 28 فروری کو صوبے میں تمام اسکول بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے 27 اور 28 فروری کو صوبے میں تمام اسکول بند رکھنے کا اعلان کردیا، سندھ کے تمام اسکولز میں تدریسی عمل معطل رہے گا۔

وزیر تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی خبر کی وجہ سے والدین بہت پریشان تھے، پریشانی کو مددنظر رکھتے ہوئے دو روز تک تعلیمی اداروں کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انشا اللہ جلد معاملات کو قابو میں کرلیا جائے گا۔ محکمہ صحت کی جانب سے کہا جارہا ہے خطرے ےکی بات نہیں، کروناوائرس کا خوف دنیا بھر میں پھیلا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل  محکمہ تعلیم بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے تمام تعلیمی ادارے 15مارچ تک بند رکھے جائیں گے جس کا مقصد کرونا وائرس سے حفاظتی اقدام اور بچوں کا تحفظ ہے۔

مزید پڑھیں: کروناوائرس: بلوچستان کے تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان

محکمے کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان بھر کے تمام مدارس بھی بندرہیں گے، تعلیمی بورڈز تعطیلات کے دوران امتحانات نہیں لیں گے، تعطیلات کے باعث پرچے بعد میں لیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے شکار ہونے والے دو افراد کی تفصیلات سامنے آگئیں، کراچی میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کے شخص کی شناخت یحییٰ جعفری کے نام سے ہوئی ہے جو زیارت کر کے چند روز قبل ایران سے کراچی پہنچا تھا۔

دوسرے شخص کا تعلق قبائلی علاقے سے ہے اور وہ بھی ایک ہفتے قبل ایران سے لاہور پہنچا تھا، متاثرہ شخص میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر اسلام آباد کے پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں خون کے نمونے لے کر قومی ادارہ صحت بھیجے گئے۔

Comments

- Advertisement -