کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ تاجر یکم رمضان کو دکانیں نہیں کھولیں گے، امید ہے وہ ہماری بات مان جائیں گے، تاجروں نے زبردستی کی تو ہم اپنے فیصلے پر عملدرآمد کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھی چاہتے ہیں کاروبار کھلے لیکن صحت کو بھی دیکھنا ہے، لوگوں کی صحت ترجیح ہے دوبارہ صوبہ بند کرنا پڑا تو کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تاجروں کی جانب سے جو پروپوزل آئے تھے وہ وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کیے، مراد علی شاہ نے کہا تھا تاجروں کی تجاویز پر غور کیا جائے گا، تاجروں کے مسائل کا اندازہ ہے، مشاورت جاری ہے۔
سعید غنی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے کہا تھا نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی میں بھی تجاویز رکھیں گے، ہمارے لیے لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا پہلی ترجیح ہے، لاک ڈاؤن پوری دنیا نے کیا جو ایک مشکل کام تھا۔
مزید پڑھیں: لاک ڈاؤن ، کراچی کے تاجروں کا دکانیں کھولنے سے متعلق بڑا اعلان
انہوں نے کہا کہ لڑائی کی صورتحال پیدا کرکے کشیدگی نہیں چاہتے، مشاورت جاری رہی اور اب جاکر انڈسٹریز کھولنے کی اجازت دی، تاجروں نے جو تجاویز دیں اس میں مزید بھی شامل کیں۔
سعید غنی کا کہنا ہے کہ صورتحال خراب ہورہی ہے مشکلات کا سامنا سب کررہے ہیں، آج ہم کہہ رہے ہیں بازار مت کھولیں، خدانخواستہ کل ایسے حالات ہوں کہ یہ خود بازار بند رکھیں۔
واضح رہے کہ تاجروں نے یکم رمضان سے تمام مارکیٹس کھولنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ حکومت کے کسی وزیر ،مذاکرتی ٹیم سے ملاقات نہیں کریں گے، سندھ حکومت وقت ضائع کررہی ہے۔