وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کی میڈیا بریفنگ پر سندھ کے وزیراطلاعات سعید غنی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چوہدری کی اکھڑی سانسیں بہت کچھ بتا رہی ہیں۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کی اکھڑی سانسیں بہت کچھ بتارہی ہیں، میڈیا والے ان سے حال نہ پوچھیں صرف ان کا چہرہ پڑھیں۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ بلاول بھٹو کا لانگ مارچ بتائے گا کہ لانگ مارچ کیسے ہوتا ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ لانگ مارچ بھی ہوگا اور سلیکٹڈ کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی آئے گی، عمران خان چور دروازے سے اقتدار میں آئے تھے اور اب پتلی گلی سے بھاگیں گے۔
بیان میں سعید غنی نے فواد چوہدری پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری تمہاری چوتھی پارٹی کون سی ہوگی؟
واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے چین سے واپسی پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے گزشتہ روز شہباز اور زرداری ملاقات کے حوالے سے اپوزیشن پر طنز کے تیر برساتے تھے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کل ایک محفل ہوئی جس میں شہباز اور بلاول ماتم کناں تھے اور مریم بھی وہاں موجود تھیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کل ہم پانچ کی ڈراما سیریز چلی اور سب نے دیکھا کہ ان کی چیخیں آسمان پر جارہی تھیں اس سے پتہ چلتا ہے کہ ہمارا دورہ چین کتنا کامیاب رہا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کل یوم یکجہتی کشمیر تھا لیکن اپوزیشن نے اکھٹے ہوکر اسے یوم یکجہتی چوراں اور یوم یکجہتی کرمنلز ڈیکلیئر کیا، سب نے دیکھا کہ کس طرح سارے چور اکھٹے ہوئے اور انہوں نے معاہدہ کیا۔