ممبئی: بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کے گھر ڈکیتی اور حملہ کرنے والے مشتبہ شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔
ڈکیتی کی کوشش روکنے کے دوران زخمی ہونے والے بالی وڈ اداکار سیف علی خان بھارت کے لیلاوتی اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان کی حالت اب سرجری کے بعد خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
View this post on Instagram
تاہم اب بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی پولیس نے حملہ کرنے والے مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے، جس کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے، یہ مشتبہ شخص دیکھنے میں بالکل ویسا ہی ہے جیسا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آیا تھا، پولیس نے اسے حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
View this post on Instagram
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار مشتبہ شخص ہاؤس بریکنگ کے کئی مقدمات میں مطلوب ہے، پولیس اسے پہلے بھی گرفتار کر چکی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص سے مزید تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہیں۔
سیف علی خان پر حملہ کرنے والی شخص کی پہلی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی
یاد رہے کہ پولیس نے گزشتہ روز حملے کے بعد اپارٹمنٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی، جس میں ایک شخص بھورے رنگ کی کالر والی ٹی شرٹ اور سرخ اسکارف پہنے عمارت کی سیڑھیاں اترتے دیکھا گیا تھا۔
پولیس کی جانب سے سی سی ٹی وی فوٹیج سے حاصل کردہ ملزم کی تصویر بھی جاری کی گئی تھی اور پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے 20 ٹیمیں تشکیل بھی دی تھیں، ساتھ ہی ملازموں اور عمارت میں کام کرنے والے مزدوروں کو بھی حراست میں لے کر تفتیش کی جا رہی ہے۔