لندن : قومی ٹیم کے اوپنر صائم ایوب علاج کی غرض سے لندن پہنچ گئے، اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود بھی کیپ ٹاؤن سے لندن پہنچے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی خصوصی ہدایات پر کرکٹر صائم ایوب کو علاج کے لیے لندن بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، انگلینڈ کے ماہر اسپورٹس آرتھو ڈاکٹرز کل چیک اپ کرینگے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمدفیصل قومی کرکٹر صائم ایوب کے علاج کے انتظامات کی نگرانی کریں گے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ صائم ایوب پاکستان کرکٹ کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کے علاج معالجے کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صائم ایوب کی مکمل صحت یابی کے لئے دعاگو ہوں، ان کی صحت کےحوالے سے مسلسل ڈاکٹرز کے ساتھ رابطے میں ہوں۔
واضح رہے کہ صائم ایوب گزشتہ روز جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز فیلڈنگ کے دوران دائیں پاؤں کا ٹخنہ مڑ جانے کے باعث شدید انجری کا شکار اور 6 ہفتوں کے لیے کرکٹ سے دور ہو گئے ہیں۔ اس انجری کے بعد ان کے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
صائم ایوب نے حال ہی میں زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف فتوحات میں اہم کردار ادا کیا۔ بالخصوص پروٹیز کو ان کے ہی دیس میں پہلی بار ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کرنے میں نوجوان بیٹر کی بیک ٹو بیک سنچریوں کا اہم کردار ہے۔