جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں سنچری مکمل نہ ہونے پر صائم ایوب کا بیان آگیا ہے۔
جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں صائم ایوب نے شاندار 98 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی اور وہ صرف دو رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے۔
سنچورین میں کھیلے جارہے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے اور جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 207 رنز کا ہدف دیا جو میزبان ٹیم نے آخری اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
نوجوان بیٹر نے 57 گیندوں پر 98 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں 11 چوکے اور 5 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔
صائم کی سنچری دو رنز سے رہ جانے پر شائقین کرکٹ نے عباس آفریدی اور عرفان خان پر تنقید کی ہے، شائقین کہہ رہے ہیں کہ انہیں سنگل لینے چاہیے تھے۔
تاہم اب صائم ایوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی آخری موقع نہیں تھا، سنچری بنانے کا موقع مل جائے گا، اگر ٹیم نہیں جیت رہی تو سنچری بنانے کا کوئی فائئدہ نہیں، سنچری قسمت میں ہوتی تو بن جاتی۔