قومی ٹیم کے اوپنر بیٹر صائم ایوب ٹخنے کی انجری کی وجہ سے 6 ہفتوں کے لیے کرکٹ سے دور ہوگئے۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلے جارہے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے پہلے روز تھرڈ مین پر فیلڈنگ کے دوران اوپنر بیٹر صائم ایوب کا ٹخنہ مڑ گیا جس کے باعث وہ سہارا لے کر میدان سے باہر گئے۔
صائم ایوب کی ایم آر آئی رپورٹ میں فریکچر کی تصدیق ہوگئی ہے، کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ صائم کا ٹخنہ میڈٰیکل مون بوٹ سے فکس کردیا گیا ہے۔
اوپنر بیٹر کو ڈاکٹرز نے چھ ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے، ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ اور فروری میں ٹرائی سیریز سے بھی وہ باہر ہوگئے ہیں۔
انجری کی وجہ سے صائم ایوب کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت بھی سوالیہ نشان بن گئی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے بھی صائم ایوب کی انجری پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور صارفین کہہ رہے ہیں کہ انہیں کسی کی نظر لگ گئی ہے۔
کرکٹ شائقین صائم ایوب کی چیمپئنز ٹرافی سے قبل فٹ ہونے کے لیے بھی دعا گو ہیں۔
واضح رہے کہ صائم ایوب نے اپنی جارحانہ بیٹنگ سے سب کو گرویدہ بنا لیا ہے، انہوں نے جنوبی افریقا میں دو سنچریاں اسکور کیں، زمبابوے میں سنچری اور آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز اور ٹی 20 سیریز میں عمدہ اننگز کھیلی تھیں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بلے باز صائم ٹیسٹ میچ ختم ہونے کے بعد پاکستان ٹیم کے ساتھ وطن واپس لوٹیں گے۔