پاکستان کے نوجوان کرکٹر صائم ایوب میدان میں ایکشن دکھانے کو تیار ہیں اور ری ہیب کے بعد لندن سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان کے باصلاحیت نوجوان اوپنر بیٹر صائم ایوب جو رواں برس کے آغاز میں جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ میچ میں ٹخنے کی انجری کا شکار ہونے کے بعد کئی ماہ کرکٹ سے دور ہو گئے تھے وہ وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
صائم ایوب لندن میں اپنا ری ہیب مکمل کرنے کے بعد لاہور پہنچے ہیں۔ نوجوان کرکٹر کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں فٹنس ٹیسٹ لیا جائے گا جس کے بعد وہ اہلخانہ کے ہمراہ عید منانے کے لیے کراچی آئیں گے۔
پاکستان واپسی سے قبل صائم ایوب نے ناٹنگھم میں بلے تیار کرنے والے ایک کمپنی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور وہاں اپنے لیے بیٹ پسند کیے۔
واضح رہے کہ صائم ایوب رواں برس جنوری میں جنوبی افریوہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں ٹخنے کی شدید نوعیت کی انجری کا شکار ہو گئے تھے جس کی وجہ سے وہ دو ماہ سے زائد عرصہ کے لیے کرکٹ سے دور ہو گئے تھے۔
نوجوان بیٹر کو جنوبی افریقہ سے ہی بغرض علاج لندن لے جایا گیا جہاں علاج کے بعد انہوں نے اپنا ری ہیب بھی مکمل کیا۔
صائم ایوب انجری کے باعث پاکستان میں 29 سال بعد ہونے والے آئی سی سی ٹورنامنٹ چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ کا حصہ بھی نہ بن سکے جب کہ وہ رواں دورہ نیوزی لینڈ میں بھی ٹیم میں شامل نہیں ہوئے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانیہ سے آنے والی قومی بیٹر کی میڈیکل رپورٹس حوصلہ افزا ہیں تاہم پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن میں صائم ایوب کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہے۔