صائم ایوب جو ٹخنے کی انجری کے باعث چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوگئے ان کی صحتیابی سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپ ڈیٹ جاری کی ہے۔
پاکستان کے نوجوان باصلاحیت اوپنر صائم ایوب جو گزشتہ ماہ جنوری میں جنوبی افریقہ کیخلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میچ میں ٹخنے کی انجری کے باعث چیمپئنز ٹرافی میں شرکت سے محروم ہوگئے اور اس وقت لندن میں زیر علاج ہیں۔
ان کی صحتیابی اور کرکٹ کے میدانوں میں واپسی سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپ ڈیٹ رپورٹ جاری کر دی ہے۔
پی سی بی کے مطابق صائم ایوب 10 ہفتوں کے لیے کرکٹ سے باہر رہی ہیں۔ ان کے ایم آر آئی اسکین، ایکسرے اور میڈیکل رپورٹس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں 10 ہفتوں تک آرام کا مشورہ دیا ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ صائم ایوب مکمل صحتیابی تک انگلینڈ میں ہی رہیں گے اور وہیں اپنا ری ہیب جاری رکھیں گے۔ تاہم وہ اب پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں۔
صائم ایوب کی دورہ نیوزی لینڈ کے لیے اسکواڈ میں شرکت بھی ان کی فٹنس سے مشروط ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان وائٹ بال سیریز چیمپئنز ٹرافی کے بعد 16 مارچ سے 5 اپریل تک کھیلی جائے گی۔