واشنگٹن : پاکستانی نژاد ری پبلکن ساجد تارڑ کا کہنا ہے کہ ٹرمپ بانی پی ٹی آئی کیلئے کچھ کرتے ہیں تو بدلے میں کیا چاہیں گے دیکھنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد ری پبلکن اور مسلمز فارٹرمپ نامی تنظیم کے سربراہ ساجد تارڑ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا امریکا سے مدد مانگی گئی تو ساتھ میں مطالبات کا پیکج بھی آئے گا۔
پاکستانی نژاد ری پبلکن کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنے اندرونی معاملات پر توجہ دینی چاہیے، ٹرمپ انتخابات جیتے ہیں یہ امریکا کا اندرونی معاملہ ہے، ٹرمپ جیتے ہیں تو پاکستان میں کچھ لوگ خوش اور کچھ ناراض ہو رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان میں تین کروڑ بچے اسکول نہیں جا رہے حکومت اس پر توجہ دے۔
مسلمز فارٹرمپ نامی تنظیم کے سربراہ نے بتایا کہ ٹرمپ واضح کہہ چکے ہیں کہ وہ جنگیں ختم کرائیں گے، ٹرمپ کی ترجیح پہلے امریکا ہے اور غیر قانونی تارکین وطن ہیں۔
ری پبلکن نے مزید کہا کہ ٹرمپ بانی پی ٹی آئی کیلئے کچھ کرتے ہیں تو بدلے میں کیا چاہیں گے دیکھنا ہوگا۔