اسلام آباد: بھارتی اسٹیل ٹائیکون سجن جندال اور ان کے ساتھیوں کو پاکستان نے 10 روز کا بزنس ویزا جاری کیا تھا جو وزیراعظم ہاؤس اور دفتر خارجہ کی ہدایت پر جاری کیا گیا تھا، جندال مری کا ویزا نہ ہونے کے باوجود وہاں بھی گئے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت سے آنے والے اسٹیل کے بہت بڑے تاجر سجن جندال اور ان کے ساتھ آنے والے دو افراد کو لاہوراور اسلام آباد کا ویزا جاری کیا گیا۔
اے آر وائی نیوز نے سجن جندال کے ویزے کی کاپی حاصل کرلی، جس کے مطابق سجن جندال اور ان کے دو ساتھیوں کو 10 دن کے لیے پاکستان میں بزنس کیٹگری کا ویزا جاری کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق ویزا 25 اپریل کو دہلی سے جاری ہوا جو وزیراعظم ہاؤس اور دفتر خارجہ کی ہدایت پر جاری ہوا۔
اطلاعات ہیں کہ سجن جندال اور ان کے ساتھیوں کے پاس صرف اسلام آباد اور لاہور کا ویزا تھا لیکن وہ خلاف قانون مری کی سیر کو گئے اور کسی بھی سیکیورٹی ادارے نے انہیں گرفتار نہیں کیا نہ ہی پوچھ گچھ کی زحمت گوارا کی۔
یاد رہے کہ بھارتی اسٹیل ٹائیکون سجن جندال سمیت بھارت کا تین رکنی وفد خصوصی طیارے سے کابل سے اسلام آباد پہنچا تھا۔
بھارتی وفد میں سجن جندال، سوکیت سنگال، وریندر ببرسنگھ شامل تھے، تین رکنی وفد گزشتہ رات 10بجے اسلام آباد سے مری گیا تھا۔