تازہ ترین

پمز اسپتال کے طبی فضلے کی فروخت، رپورٹ میں اہم انکشاف

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پمز اسپتال کے طبی فضلے کی فروخت کے انکشاف کے بعد قائم کی جانے والی انکوائری کمیٹی نے رپورٹ تیار کرلی۔

اس معاملے پر وزیراعظم نے 48 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کی تھی جس میں معاملے کے حقائق، ذمہ داریوں کے تعین اور مستقبل میں کچرے کو ٹھکانے لگانے میں خامیوں سے بچنے کے لیے اقدامات شامل ہیں۔

پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری کمیٹی نے تحقیقات مکمل کرلی ہیں، انکوائری کمیٹی کی رپورٹ وزارت صحت کو ارسال کی جائے گی۔

پروفیسر ایس ایچ وقار کی سربراہی میں 3رکنی انکوائری کمیٹی نے طبی فضلے کی فروخت کی تحقیقات کیں، کمیٹی کی رپورٹ سفارشات پر مشتمل ہے، رپورٹ پر حتمی کارروائی وزارت صحت کرے گی۔

پمز اسپتال ذرائع کے مطابق تحقیقات میں کمپنی معاہدے کی خلاف ورزی کی مرتکب پائی گئی ہے، کمیٹی کی فضلہ ٹھکانے لگانے والی کمپنی کے معاہدے پر نظرثانی کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پمز اسپتال میں طبی فضلہ ٹھکانے لگانے کا ٹھیکہ نجی کمپنی کے پاس ہے جو اسپتال کے انسینیریٹرز کو مکمل فعال رکھنے میں ناکام رہی۔

مزید پڑھیں : پمز اسپتال کے طبی فضلے کی فروخت کا انکشاف

ذرائع کے مطابق سربراہ پمز نے خفیہ اطلاع پر فضلے کی فروخت کی تحقیقات کرائیں، ٓکمیٹی کی تحقیقات میں طبی فضلے کی فروخت ثابت ہوگئی ہے۔

Comments

- Advertisement -