پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ سلمیٰ حسن نے طلاق کے بعد سابق شوہر و ہدایت کار اظفر علی کیساتھ کام کرنے کی وجہ بتادی۔
حال ہی میں اداکارہ سلمٰی حسن نے ایک شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے طلاق کے بعد اپنے سابق شوہر کے ساتھ کام کرنے پر ہونے والی تنقید کے بارے میں گفتگو کی۔
اداکارہ نے شو میں انکشاف کیا کہ طلاق کے بعد انہیں سابق شوہر اظفر کے ساتھ کام کرنے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، انہوں نے کہا کہ طلاق کے بعد اُنہیں سابق شوہر کے ساتھ کام کرنے پر کس طرح کی باتیں سننے کو ملی تھیں۔
سلمیٰ حسن کا کہنا تھا کہ مجھے کچھ بہت ہی عجیب و غریب تبصروں سے نشانہ بنایا گیا کچھ لوگوں نے اظفر علی کے ساتھ کام کرنے کے میرے فیصلے کو ’شریعت کے خلاف‘ قرار دیا۔
سلمیٰ حسن کا کہنا تھا کہ مجھے سمجھ میں نہیں آیا کہ میں تو اداکاری کررہی ہوں تو کسی نہ کسی کے ساتھ تو کر ہی رہی ہوں گی، کیا فرق پڑتا ہے؟۔
انہوں نے اس بات کی وضاحت میں کہا کہ جب آپ کی طلاق ہوتی ہے، آپ کے بچے ہوتے ہیں اور آپ کی نہیں بن رہی ہوتی تو آپ وزیٹیشن رائٹس (بچوں سے ملاقات کے حقوق) کے لیے عدالت جاتے ہی ہو جہاں آپ ایک کمرے میں بیٹھتے ہو، اگر ایسا ہوسکتا ہے تو پھر ساتھ کام کیوں نہیں ہوسکتا؟۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ میں چاہتی ہوں میری بیٹی فاطمہ کا اپنے والد کے ساتھ رشتہ مضبوط رہے، ہمیں اس بات کا احساس کرنا چاہیے کہ ہمارے اختلافات میں بچوں کا کیا قصور؟، بچوں کی خاطر ذاتی اختلافات ایک طرف رکھے جاسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ سلمیٰ حسن کے سابق شوہر اظفر علی معروف پروڈیوسر اور اداکار بھی ہیں، سلمیٰ حسن نے اپنے کریئر کے دوران ہی شادی کی تھی، دونوں کی ایک بیٹی فاطمہ بھی ہے، سلمیٰ حسن اور اظفر علی کے درمیان 2012 میں طلاق ہوگئی تھی۔