سابق کپتان سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ کامران غلام تجربہ کار کھلاڑی ہیں بس وہ جلدی نہ کیا کریں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں سلمان بٹ سے سوال کیا گیا کہ آپ کے خیال میں کامران غلام اور سعود شکیل میں کون زیادہ بہتر ہے؟
سلمان بٹ نے کہا کہ کامران غلام کے لیے یہ کہوں گا کہ وہ تجربہ کار کھلاڑی ہیں انہیں رنز کرنا آتے ہیں بس وہ جلدی نہ کیا کریں۔
انہوں نے کہا کہ کامران غلام جنوبی افریقا کی اننگز کو ذہن سے نکال دیں وہ ایک دن تھا جو ان کی شاٹ لگ گئیں، ہر روز اتوار نہیں ہوتا، جو ان کا اصل مقصد ہے وہ لمبا کھیلنا ہے، پاکستان نے انہیں اس لیے اسکواڈ میں لیا ہے کہ پورے اوور کھیلنے ہیں، انہیں اس لیے نہیں لیا کہ اندر جاکر پنچ ہٹنگ شروع کردیں۔
سابق کپتان نے کہا کہ اگر آپ نے شاٹ مارنا بھی ہے تو گیند تو چیک کریں، لیفٹ آرم اسپنر ہے آپ گیند سے دور نکل رہے ہیں اگر کور مارنی ہے تو اس کی طرف تو جائیں اپ نکل مڈآن کی طرف رہے ہیں اور شاٹ کھیل رہے ہیں آپ اتنے دراز قدر نہیں ہیں کہ گیند سے دور نکل کر کنیکشن کرلیں۔
سلمان بٹ نے کہا کہ اس طرح یہ پہلی بار آؤٹ نہیں ہوئے، جنوبی افریقہ میں بھی آؤٹ ہوچکے ہیں ادھر بھی ایسے ہی آؤٹ ہوئے، پریکٹس میچ میں نے دیکھا اس میں بھی انہوں نے اسی طرح وکٹ گنوائی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اگر کامران غلام کچھ اور بننے کی کوشش کریں گے تو یہ نہ ہو کہ وہ ٹیم سے باہر ہوجائیں، وہ اپنی گیم میں رہ کر کھیلیں۔