ممبئی: بالی وڈ سُپر اسٹار سلمان خان نے فلم ’سکندر‘ میں خود سے عمر میں 31 سال چھوٹی ساؤتھ انڈین اداکارہ رشمیکا مندانا کے ساتھ کام کرنے پر ہونے والی تنقید پر خاموشی توڑ دی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جب فلمساز اے آر مروگاداس نے 59 سالہ سلمان خان اور 28 سالہ رشمیکا مندانا کے ساتھ فلم ’سکندر‘ بنانے کا اعلان کیا تو فنکاروں کی عمر کے درمیان فرق کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: فلم ’سکندر‘ کا ایکشن اور منفرد ڈائیلاگز سے بھرپور ٹریلر جاری
آج ٹریلر لانچ کے موقع پر سلمان خان نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے ٹرولنگ کرنے والوں کو خاموش کروا دیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ مستقبل میں رشمیکا مندانا کی بیٹی کے ساتھ بھی کام کریں گے۔
سلو میاں نے کہا کہ جب ہیروئن کو مسئلہ نہیں ہو رہا تو آپ کو کیوں ہو رہا ہے؟ شادی کے بعد رشمیکا کو بیٹی ہوئی تو اس کے ساتھ بھی فلم بناؤ گا۔
انہوں نے ’سکندر‘ کی شوٹنگ کے دوران ساؤتھ انڈین اداکارہ کی لگن کا سراہا۔ اداکار نے بتایا کہ کس طرح رشمیکا مندانا بیک وقت دو بڑے پراجیکٹس پشپا 2 اور سکندر پر کام کر رہی تھیں۔
’رشمیکا شام 7 بجے تک ’پشپا ‘2 کی شوٹنگ میں مصروف ہوتی تھیں اور رات 9 بجے ’سکندر‘ کے سیٹ پر آ جاتی تھیں۔ اس دوران ان کی طبیعت وہ بھی ٹھیک نہیں رہتی تھی، ٹانگ میں چوٹ کے باجود انہوں نے دونوں فلموں کی شوٹنگ جاری رکھی اور ایک دن کا بھی ناغہ نہیں کیا۔‘
یاد رہے کہ فلم ’سکندر‘ میں سلمان خان اور رشمیکا مندانا کے علاوہ کاجل اگروال، ستیہ راج، سنیل شیٹی، شرمن جوشی اور پرتیک ببر سمیت دیگر بھی شامل ہیں۔