ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان نے نامور ہدایت کار کرن جوہر اور وشنو وردھن کی فلم ’دی بُل‘ میں کام کرنے سے بالآخر انکار کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان اور کرن جوہر کے پروجیکٹ نے سال 2023 میں سرخیوں میں جگہ بنائی تھی اور تب سے سُپر اسٹار کے مداح ’دی بُل‘ کیلیے کافی پُرجوش ہیں۔
فلم کی پروڈکشن گزشتہ سال نومبر میں شروع ہونا تھی جو اب تک متعدد بار تاریخ طے ہونے کے باوجود شروع نہیں ہو سکی۔
اب رپورٹس سامنے آ رہی ہیں کہ سلمان خان نے اس فلم میں کام کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کرن جوہر نے فلم کی پروڈکشن کیلیے سلمان خان سے جولائی تک کا وقت مانگا لیکن وہ ہدایت کار وشنو وردھن کے ساتھ اس پر اب تک کوئی کام نہیں کر سکے۔
سلمان خان نے کرن جوہر اور وشنو وردھن کو اپنے فیصلے سے آغاز کر دیا۔ سُپر اسٹار نے کہا کہ تقدیر نہیں چاہتی کہ یہ فلم ہو لہٰذا ہمیں آگے بڑھنا چاہیے۔
دوسری جانب سلمان خان کی پروڈیوسر ساجد ناڈیاڈوالا کے ساتھ اگلی فلم کے بارے میں بھی کافی چرچا ہے جس کی ہدایت کاری اے آر مروگاداس کریں گے۔
سلمان خان جلد ہی اپنی اگلی فلم میں کام کرتے نظر آئیں گے جو 2025 میں عید کے دوران ریلیز کی جائے گی۔ فلمسازوں نے اس کا ٹائٹل اور دیگر تفصیلات نہیں بتائیں۔