ممبئی: پولیس نے بالی وڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان کی اسلحہ لائسنس کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں اپنے دفاع کے لیے اسلحہ رکھنے کی اجازت دے دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کچھ روز قبل سلمان خان نے ممبئی پولیس کمشنر سے اہم ملاقات کی تھی اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہونے سے متعلق آگاہ کیا تھا۔
ملاقات میں فلم ’دبنگ‘ کے اداکار نے اسلحہ لائسنس کے لیے درخواست دی تھی جسے آج منظور کرلیا گیا۔
اس کے علاوہ سلمان خان نے جان کی حفاظت کے لیے کچھ انتظامات بھی کر رکھے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں اپنی لینڈ کروزر میں بلٹ پروف شیشے نصب کروائے اور گاڑی میں جدید اسلحہ بھی رکھا ہے۔
مزید پڑھیں: سلمان خان پر قاتلانہ حملے کی کوشش کا انکشاف
سلمان خان آجہانی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قاتل گینگسٹر لارنس بشنوئی کے نشانے پر ہیں جنہیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔
کچھ روز گینگسٹر نے پولیس کو اپنا بیان قلم بند کروایا تھا جس میں اس کا کہنا تھا کہ: ’میں اور میری برادری سلمان خان کو کالا ہرن کیس میں کبھی معاف نہیں کریں گے۔ اپنے فیصلے پر تب ہی نظرِ ثانی کریں گے جب سلمان خان عوام سے سرِ عام معافی مانگیں گے‘۔
لارنس بشنوئی نے سُپر اسٹار کو 2018 میں قتل کرنے کے لیے چار لاکھ روپے کی رائفل خریدی تھی۔