بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے اپنے بھائی ارباز خان اور ملائکہ اروڑہ کے طلاق پر پہلی بار کھل کر بات کی ہے۔
حال ہی میں اداکار سلمان خان نے اپنے بھتیجے ارہان خان کے پوڈ کاسٹ ’دم بریانی ‘ میں پہلی بار شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے چھوٹے بھائی ارباز خان اور ان کی سابقہ اہلیہ ملائیکہ اروڑا کی طلاق پر کھل کر بات کی ہے۔
سلمان خان نے ارباز خان اور ملائیکہ اروڑا کی علیحدگی پر مختصر بات کرتے ہوئے کہا کہ ارہان زندگی کے ایک مشکل دور سے گزر چکا ہے اور والدین کے درمیان علیحدگی کے بعد بچوں کو خود ہی ان چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
View this post on Instagram
انہوں نے ارہان کو نصیحت کی کہ ایک دن اس کا بھی اپنا خاندان اور گھر ہوگا، اور اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ پہلے خود کو مضبوط بنائے تاکہ ایک صحت مند اور خوشحال گھریلو ماحول قائم کر سکے۔
سلمان خان نے ارباز اور ملائیکہ کی طلاق پر زیادہ تفصیل میں جانے کے بجائے اس بات پر زور دیا کہ خاندان کے ساتھ دوپہر اور رات کے کھانے کا رواج برقرار رہنا چاہیے اور خاندان میں ایک مضبوط سربراہ ہونا چاہیے جس کا سب احترام کریں۔
انہوں نے ارہان کو سمجھاتے ہوئے کہا کہ زندگی میں کچھ چیزیں انسان کے اختیار میں نہیں ہوتیں، لیکن اس کے باوجود مثبت پہلو تلاش کرنا ضروری ہے کیونکہ مضبوط خاندانی رشتے زندگی میں بےحد اہمیت رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ ارباز خان اور ملائیکہ اروڑا نے 1998 میں شادی کی تھی، تاہم تقریباً 20 سال بعد 2017 میں دونوں کے درمیان علیحدگی ہو گئی تھی۔
ان کی طلاق کے بعد ملائکہ نے اداکار ارجن کپور سے ڈیٹنگ شروع کی، تاہم، جوڑے نے گزشتہ سال کچھ عرصے بعد ہی اپنے راستے جدا کر لیے تھے، دریں اثنا، ارباز خان نے 2023 میں مشہور میک اپ آرٹسٹ شورا خان سے دوسری شادی کی۔