بالی ووڈ سپراسٹار سلمان خان کی عید پر ریلیز ہونے والی نئی فلم سکندر کو سینما گھروں میں آنے سے چند گھنٹے قبل ہی آن لائن لیک کر دیا گیا۔
پائریسی کے باعص سلمان خان کی عید پر ریلیز ہونے والی فلم سکندر کو بڑا دھچکا لگنے کا خدشہ ہے کیوں کہ بڑی اسکرین پر آنے سے چند گھنٹے قبل ہی ہیکرز نے اسے آن لائن لیک کر دیا ہے، فلم اتوار کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی تھی۔
رپورٹس کے مطابق، اسے ہفتے کی رات دیر گئے آن لائن لیک کر دیا گیا، تاہم متعلقہ حکام نے کئی ویب سائٹس سے فلم کے پائریٹڈ ورژن کو ہٹا دیا ہے۔
’سلمان خان کی ’سکندر‘ میں اوریجنل کچھ نہیں سب کچھ کاپی ہے‘
فلم تجزیہ کار کومل ناہٹا نے ٹوئٹ میں بتایا کہ "یہ کسی بھی پروڈیوسر کے لیے سب سے برا خواب ہے۔ ایک فلم تھیٹر میں ریلیز ہونے سے پہلے ہی لیک ہو رہی ہے۔ بدقسمتی سے، کل شام ساجد نڈیاڈوالا کی ‘سکندر’ کے ساتھ ایسا ہی ہوا، جو آج سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔”
انھوں نے مزید کہا کہ فلم میکرز، نڈیاڈوالا گرانڈسن انٹرٹینمنٹ نے درخواست پر حکام نے کارروائی کی اور لیک ورژن کو سینکڑوں ویب سائٹس سے ہٹا دیا گیا ہے۔
کومل نے لکھا کہ پروڈیوسر نے حکام کو کل رات 600 سائٹس سے فلم کو ہٹانے کے لیے کہا تھا لیکن فلم کو اس عمل سے نقصان ہو چکا تھا، یہ قابل مذمت فعل جس کی وجہ سے سلمان کی فلم اور پروڈیوسر کو نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔
ابھی تک اس بارے میں کوئی معلومات نہیں ملیں کہ ‘سکندر’ کیسے لیک ہوئی اور لیک ہونے والا ورژن کہاں سے آیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم میکرز نے پولیس سے رابطہ کیا ہے، معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔