بدھ, جنوری 22, 2025
اشتہار

سعودی عرب: مالی لین دین کے حوالے سے مشکلات کے حل کے لیے خصوصی پورٹل جاری

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: سعودی مرکزی بینک نے مالی لین دین کے حوالے سے صارفین کو پیش آنے والی مشکلات کے حل کے لیے اپنی ویب سائٹ پر خصوصی پورٹل ساما کیئر کے نام سے جاری کیا ہے۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق مملکت میں انشورنس کمپنیوں کی جانب سے بعض اوقات کلیم حاصل کرنے کے لیے صارفین کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے لیے سعودی مرکزی بینک کی جانب سے صارفین کی شکایات سننے اور ان کا ازالہ کرنے کے لیے ساما کیئر کا خصوصی پورٹل لانچ کیا گیا ہے۔

پورٹل پر بتایا گیا ہے کہ ہمارا ہدف صارفین کی پریشانیوں اور شکایات کا ازالہ کرنا اور انہیں مختصر وقت میں حل کرتے ہوئے فریقین کے مابین انصاف اور شفافیت پر مبنی فیصلہ کرنا ہے۔

- Advertisement -

ساما کیئر کے پورٹل پر انشورنس کمپنیوں، مالیاتی اداروں اور قرضے فراہم کرنے والی کمپنیوں کے صارفین کو پیش آنے والی مشکلات کے حل کے لیے مختلف براؤزر دیے گئے ہیں۔

عربی سے ناواقف افراد کے لیے انگلش میں بھی درخواست دائر کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

شکایت کرنے کا طریقہ کار

ساما کیئر کے پورٹل پر لاگ ان کرنے کے بعد وہاں اکاؤنٹ بنایا جاتا ہے، اکاؤنٹ کا پاس ورڈ محفوظ رکھیں تاکہ جب بھی ضرورت ہو اسے استعمال کیا جاسکے۔

کسی بھی انشورنس کمپنی یا مالیاتی ادارے سے کسی بھی قسم کی شکایت ہونے کی صورت میں ساما کیئر کے پورٹل پر اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے لاگ ان کیا جائے۔

سعودی مرکزی بینک کی جانب سے انشورنس کمپنیوں کو اس امر کا پابند کیا گیا ہے کہ وہ صارف کے کلیم داخل کرنے کے 15 دن کے اندر مناسب اور تسلی بخش جواب دیں۔

مذکورہ 2 ہفتے کی مدت گزرنے کے بعد صارف اپنے کلیم کی مدت میں ہونے والی تاخیر کے حوالے سے شکایت دائر کرسکتا ہے۔

عام طور پر لوگوں کو گاڑیوں کے حادثات پر ہونے والی انشورنس کلیم میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس حوالے سے ساما کیئر کے پورٹل پر گاڑیوں کے حادثات پر کلیم یا جنرل انشورنس، ہیلتھ انشورنس کے بارے میں شکایات کے الگ الگ براؤز دیے گئے ہیں۔

شکایت کنندہ اپنے مطلوبہ سیکشن کا انتخاب کر کے وہاں اپنی شکایت درج کر سکتا ہے جس کے لیے انگریزی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

گاڑی کے حادثے کی صورت میں کلیم کی ادائیگی میں 15 دن سے زیادہ تاخیر ہونے پر ساما کیئر کے پورٹل پر شکایت درج کرنے کے ساتھ کمپنی کی جانب سے دیے گئے کلیم فارم کی فوٹو بھی اپ لوڈ کی جائے تاکہ دستاویزی ثبوت مکمل ہو۔

ساما کیئر کی جانب سے تین ورکنگ دنوں کے اندر مذکورہ کمپنی سے رابطہ کر کے شکایت کا ازالہ کرنے کی درخواست کی جاتی ہے۔

کمپنی کی جانب سے موصول ہونے والا جواب صارف کو ارسال کیا جاتا ہے، اگر صارف اس سے مطمئن ہے تو وہ شکایت ختم کرسکتا ہے بصورت دیگر شکایت کو جاری رکھنے کا بھی آپشن پورٹل پر موجود ہے۔

یاد رہے کہ ساما کیئر کی جانب سے شکایات کے لیے ٹول فری نمبر8001256666 بھی جاری کیا گیا ہے جہاں عربی اور انگریزی کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

ٹول فری نمبر پرکال کرنے سے قبل بہتر ہے کہ پورٹل پر شکایت درج کی جائے جہاں سے ملنے والے ریفرنس نمبر کے ذریعے ٹول فری نمبر پر کال کر کے معاملے کے بارے میں معلومات حاصل کرنا آسان ہوتا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں