ہفتہ, فروری 8, 2025
اشتہار

دراز قد اور گوری رنگت کی وجہ سے۔۔۔۔۔۔ثمر عباس نے کیا کہا؟

اشتہار

حیرت انگیز

شوبز انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے اداکار ثمر عباس جعفری نے انکشاف کیا ہے انہیں انڈسٹری میں کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’مائی ری‘ میں کم عمر دلہا ’فاخر‘ کا کردار نبھانے والے اداکار ثمر عباس نے حالیہ انٹرویو میں بتایا انہیں انڈسٹری میں آنے کے لیے کن مراحل سے گزرنا پڑا۔

انیس سالہ اداکار نے کہا کہ ان کی فیملی میں شوبز انڈسٹری سے کسی کا کوئی تعلق نہیں ہے، وہ اپنے خاندان کے پہلے فرد ہیں جنہوں نے شوبز انڈسٹری کو بطور پیشہ اپنایا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ اِنہیں شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے کے لیے بہت محنت کرنی پڑی، ایک بار تو انہوں نے ذہن بنا لیا تھا کہ وہ اس شعبے کے لیے بنے ہی نہیں ہیں اور نہ ہی اس میں کام کر سکیں گے۔

اداکار نے کیریئر کے آغاز میں پیش آنے والی مشکلات اور اپنے دراز قد، گوری رنگت پر بات کرتے ہوئے کہا مجھے اس بنیاد پر نکال دیا جاتا تھا کہ میری رنگت بہت گوری ہے، قد بہت لمبا ہے یا میں بہت پتلا ہوں۔

انہوں نے انٹرویو کے دوران مزید بتایا کہ وہ اسکرپٹ ہاتھ میں لیے سیٹ پر کئی گھنٹے انتظار کرتے رہتے تھے لیکن آخر میں اُنہیں کہا جاتا تھا کہ ان کی جگہ کسی اور لڑکے کو کردار دے دیا گیا ہے۔

ثمر عباس نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ 11 سال تک ان کے ساتھ یہی سلوک کیا جاتا رہا اور ہمیشہ اِنہی وجوہات کی بنا پر ڈرامے میں کام نہیں دیا جاتا تھا، میں تھیٹر کرنے کے بعد 11 سال تک آڈیشن دیتا رہا لیکن کسی نے مجھے کاسٹ نہیں کیا۔

اداکار نے اپنے ڈرامہ سیریل ’مائی ری‘ سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ لمبے عرصے بعد آخر کار اُنہیں ڈرامہ سیریل ’مائی ری‘ کی پیشکش ہوئی۔

واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل ’مائی ری‘ میں ثمر عباس ’فاخر‘ کا مرکزی کردار نبھا رہے ہیں جبکہ عینا آصف ’عینی‘ ان کی اہلیہ بنی ہیں، دیگر کاسٹ میں نعمان اعجاز، مایا خان، ماریہ واسیط، حبا علی، سعد فریدی، پارس مسرور، آمنہ ملک، عثمان مظہر اور دیا مغل شامل ہیں۔

’مائی ری‘ کی کہانی ثنا فہد نے لکھی ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری کے فرائض میثم نقوی نے انجام دیے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں