پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف سینئر فنکار جوڑی اداکارہ ثمینہ احمد اور ان کے شوہر اداکار منظر صہبائی نے کامیاب ازدواجی زندگی گزارنے کا گُر بتا دیا۔
گزشتہ روز ایک انٹرویو کے دوران سینئر اداکار منظر صہبائی نے کہا کہ جب ہم نے شادی کی تھی تو اس کا مقصد کسی کو بتانا یا متاثر کرنا نہیں تھا۔ ہم نے شادی محض اپنی خوشی اور پسند سے کی ہے اگر اس بات سے کسی کو اس سے آگاہی ملتی ہے تو اچھی بات ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ثمینہ احمد نے کہا کہ شادی کے بعد ہی پتہ چلتا ہے کہ کون کیسا ہے؟ میاں بیوی ساتھ رہتے رہتے ہی ایک دوسرے کو سمجھ سکتے ہیں اور چھوٹے موٹے اختلافات کوئی معنی نہیں رکھتے۔
ایک سوال کے جواب میں منظعر صہبائی نے بتایا کہ میاں بیوی کی کامیاب شادی شدہ زندگی کیلیے سب سے بنیادی بات یہ ہے کہ آپ اپنے پارٹنر کی خواہشات کا احترام کریں جو کام وہ کرنا چاہتا / چاہتی ہے اسے کرنے کا پورا موقع دیں۔
ثمینہ احمد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ بھی آزاد انسان ہیں اور میں خود بھی بالکل آزاد انسان ہوں ہم دونوں ایسے انسان ہیں جنہوں نے اپنی اپنی اپنی زندگیوں میں بہت کچھ سیکھا ہے اگر ایسے لوگ ایک دوسرے کے ساتھی بن جائیں تو زندگی میں بہت مزا ہے۔‘
ایک سوال کے جواب میں ثمینہ احمد نے کہا کہ زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، ایڈونچر ہوتے ہیں اور یہ تو بڑے مزے کا ایڈونچر ہے جس میں ہم دونوں مل کر نئی چیزیں دریافت کر رہے ہیں۔
ثمینہ احمد نے کہا کہ یہ بہت اچھی بات ہوتی ہے کہ آپ جیسے بھی ہیں ایک دوسرے کو قبول کر لیتے ہیں، اس موقع پر منظر صہبائی نے کہا کہ وہ رشتہ ہی کیا جو ایک دوسرے سے اختلاف کو جذب نہیں کر پاتا وہ تو پھر کوئی رشتہ نہ ہوا وہ تو مفادات کی بات ہوگئی۔
خیال رہے کہ 70 سال سے زائد عمر رکھنے والے سینئر اداکار منظر صہبائی نے 4 اپریل 2020 کو لاک ڈاؤن کے دوران سینئر اداکار ثمینہ احمد سے عقد کیا تھا۔
فروری 1950 کو کراچی میں پیدا ہونے والی ثمینہ احمد کی اس سے قبل فلم ڈائریکٹر فرید احمد سے شادی ہوئی تھی جو 1993 میں انتقال کرگئے تھے، منظر صہبائی اور ثمینہ احمد درجنوں ڈراموں، فلموں اور ویب سیریز میں کام کر چکے ہیں۔