لاہور: وزیر اطلاعات، پنجاب صمصام بخاری نے کہا ہے کہ نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت صرف عدالت دے سکتی ہے.
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے میاں نواز شریف کی درخواست پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے باہر جانے کی اجازت دی، تو حکومت رکاوٹ نہیں ڈالے گی.
صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ یہ سہولت تو مشرف کوبھی نہیں ملی، جو نواز شریف مانگنے جا رہے ہیں، دیکھتے ہیں کہ اب کیا نئی مثال قائم ہوتی ہے.
وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بارے میں اندازے درست ثابت ہوئے، نواز شریف کا واحد مقصد ملک سے باہر جانا ہے.
مزید پڑھیں: سپریم کورٹ میں نواز شریف کی مستقل ضمانت کی درخواست دائر
سید صمصام علی بخاری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو سہولت ملی، تو باقی قیدیوں کا کیا قصور ہے؟ 12 ہزار دیگر قیدیوں کو بھی علاج کے لئے باہر جانے کی اجازت ہونی چاہیے.
خیال رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی مستقل ضمانت کی درخواست دائر کر دی گئی، متفرق درخواست میں اضافی دستاویزات بھی شامل کی گئی ہیں۔