ممبئی: بالی وڈ سُپر اسٹار سنجے دت نے ورسٹائل فلموگرافی اور اسکرین پر اپنی شاندار اداکاری کی بدولت لاکھوں مداحوں کے دلوں میں جگہ بنائی، مگر ایک بار جنونی خاتون مداح کی محبت نے انہیں حیرت میں ڈال دیا تھا۔
سنجے دت کو 2018 میں ممبئی پولیس کی طرف سے ایک فون کال موصول ہوئی جس میں انہیں جنونی خاتون مداح نشا پاٹل کی موت کی اطلاع دی گئی۔ صرف یہی نہیں بلکہ اداکار کو یہ بھی بتایا گیا کہ خاتون نے ان کیلیے اپنی 72 کروڑ روپے کی جائیداد چھوڑی ہے۔
ویب سائٹ ’بالی وڈ شادی‘ کی رپورٹ کے مطابق نشا پاٹل نے بینک افسران کو کئی بار خطوط لکھ کر بتایا کہ وہ ان کی موت کے بعد پوری جائیداد اور اثاثے سنجے دت کے حوالے کر دیں۔
یہ بھی پڑھیں: سنجے دت ایک بار پھر ’رگو بھائی‘ کے روپ میں نظر آئیں گے
سنجے دت کے وکیل نے واقعے کی تصدیق کی تھی مگت انہوں نے واضح کیا تھا کہ میرے مؤکل جائیداد حاصل کرنے کا دعویٰ نہیں کریں گے کیونکہ وہ نشا پاٹل کو نہیں جانتے۔
اداکار نے بھی اپنے بیان میں صاف کہا تھا کہ نشا پاٹل کے اظہار محبت نے مجھے چونکا دیا لیکن میں جائیداد کا دعویٰ نہیں کروں گا کیونکہ میں ان کو نہیں جانتا لیکن ان کی موت کا دکھ ہے۔
کام کے محاذ پر سنجے دت اگلی بار پین انڈیا فلم ’کے ڈی – دی ڈیول‘ میں دھروا سرجا اور شلپا شیٹی کے ساتھ نظر آئیں گے۔
دوسری جانب ان کی بلاک بسٹر فلم ’واستو‘ کے سیکوئل میں بھی جلوہ گر ہونے کی توقع ہے کیونکہ فلمساز و اداکار مہیش منجریکر نے سیکوئل کیلیے ایک آئیڈیا تیار کر کے اداکار کے ساتھ شیئر کیا ہے جو دوبارہ ’رگو بھائی‘ بننے کیلیے بے تاب ہیں۔
فی الحال اسکرین پلے پر کام جاری ہے اور اداکار کو حتمی اسکرپٹ کا بے صبری سے انتظار ہے۔ سیکوئل کو سبھاش کالے پروڈیوس کریں گے جبکہ ٹیم 2025 کے آخر تک پروڈکشن شروع کرنے کی منصوبہ بندی رکھتی ہے۔ فلمسازوں کا مقصد نوجوان اداکار کو مرکزی کردار کے طور پر کاسٹ کرنا ہے۔