کراچی: لاڑکانہ میں سنجے کمار پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہو گئی ہے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نامعلوم نقاب پوش نے بغیر لوٹ مار، آتے ہی سنجے کمار کو نشانہ بنا کر فائرنگ کی، اور ملزم فائرنگ کر کے بہ آسانی فرار ہو گیا۔
اس واقعے کو 3 روز گزر جانے کے باوجود ملزمان گرفتار نہیں کیے جا سکے ہیں، جب کہ واقعے پر ایم پی اے لاڑکانہ جمیل احمد سومرو نے دوسری مرتبہ سنجے کمار کے ورثا سے ملاقات کرتے ہوئے سنجے کمار کے مکمل علاج اور ملزمان کی فوری گرفتاری کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔
واضح رہے کہ لاڑکانہ میں فائرنگ سے ہندو تاجر کو ٹارگٹ کیے جانے کا واقعہ پیش آیا ہے، زخمی سنجے کمار کی حالت تشویشناک ہے، جنھیں گزشتہ رات ایئر ایمبولینس کے ذریعے لاڑکانہ سے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔ سنجے کمار کے بھائی امیت کمار کے مطابق سنجے نجی اسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج ہیں، ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو تشویش ناک قرار دیا ہے۔
زخمی سنجے کمار کی حالت تشویشناک، ایئر ایمبولینس کے ذریعے لاڑکانہ سے کراچی منتقل
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق زخمی تاجر سنجے کمار کو کراچی منتقل کرنے کے لیے ایئر ایمبولنس لاڑکانہ بھیجی گئی تھی، زخمی کو ایئر ایمبولینس میں منتقل کر کے وینٹی لیٹر بھی لگا دیا گیا تھا، تاہم روانگی کے وقت طیارہ فنی خرابی کا شکار ہو گیا۔ طیارہ خرابی کے باعث زخمی تاجر کو ایئر ایمبولینس سے نکال کر دوبارہ اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد تاجر کی کراچی منتقلی کے لیے دوسرا ایئر ایمبولنس طیارہ رات گئے لاڑکانہ بھیجا گیا۔
بھائی امیت کمار کے مطابق کراچی پہنچنے پر شہر کے بڑے نجی اسپتال کے آئی سی یو میں بیڈ خالی نہ ہونے پر ڈاکٹر نے سنجے کمار کو لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا، امیت کمار کے مطابق کل 5 بجے کراچی کے لیے نکلے تھے لیکن ایئر ایمبولینس خراب ہو گئی، کل رات 9 بجے کراچی پہنچے، اب بھائی سنجے کمار کو لیاقت نیشنل اسپتال کے آئی سی یو منتقل کیا گیا ہے۔