نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان مچل سینٹنر نے پاکستان کے خلاف جیت کے بعد کہا ہے کہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 280 رنز کا ٹارگٹ سوچا تھا۔
چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستان کو شکست دینے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم مچل سینٹنر کا کہنا تھا کہ ہم نے سوچا تھا 280 رنز تک بنائیں گے، مڈل میں ہماری اچھی شراکت بنی جس سے آخر میں زیادہ رنز بنے۔
مچل سینٹنر نے کہا کہ پاکستان کے بولرز نے اچھی بولنگ کی، پاکستان کی بیٹنگ کے دوران ہمارے بولرز نے لگاتار ڈاٹ بالز کیں جس کا دباؤ پاکستان پر بنا۔
مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے ٹام لیتھم نے کہا کہ بیٹنگ کیلئےآیا تو ول ینگ کےساتھ شراکت بنانے کی کوشش کی، نچلے نمبروں پر بیٹنگ میں زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کی کوشش ہوتی ہے۔
دریں اثنا پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بہت اچھا اسکور بنایا، ہم سوچ رہے تھے 260 رنز بنیں گے، ٹام لیتھم اور ول ینگ نے شاندار بیٹنگ کی۔
محمد رضوان نے کہا کہ پچ بلےبازی کیلئے اتنی آسان نہیں تھی، فخر زمان کی انجری سےمتعلق کچھ کہنا قبل ازوقت ہے، پاکستان دفاعی چیمپئن ہے جس کا ہم پر اضافی دباؤ تھا۔