سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کو سبق سکھائے، ویزا اجرا کے حوالے سے بھارتی رویہ نامناسب ہے۔
چیمپنزٹرافی میں پاکستان اور بھارت کے اہم ترین میچ سے قبل ثقلین مشتاق نے بی سی سی آئی کے طرز عمل کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ انھیں بھارتی ویزا حاصل کرنے میں پچھلے سال کتنی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
انھوں نے کہا کہ پاکستانی مداح بھارتی ٹیم کو کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں، تاہم بھارت نے کبھی بھی اس حوالے سے اچھے ردعمل کا مظاہرہ نہیں کیا ہے، بھارت کا عجیب طرز عمل کبھی بھی ختم نہیں ہوتا جبکہ ہم ان کی ٹیم کی تعریف کرتے ہیں۔
ثقلین مشتاق نے کہا کہ آپ ٹائی پہن کر اور انگلش بول کر یہ سمجھتے ہیں کہ آپ بہت مہذب ہوگئے ہیں، پاکستان کو ان کے خلاف اسٹینڈ لینا چاہیے اور انھیں سبق سکھانا چاہیے۔
سابق آف اسپنر نے کہا کہ یہاں بچے ویرات کوہلی اور جسپریت بمراہ کو کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں، ہر نوجوان انھیں ایکشن میں دیکھنے کا خواہشمند ہے۔
48 سالہ سابق کھلاڑی نے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ وہ کس دنیا میں رہتے ہیں اور کیا مقصد حاصل کرنا چاہتے ہیں، وہ کب دانشمندی کا مظاہرہ کریں گے۔
بھارت چیمپئنز ٹرافی کا سیمی فائنل نہیں کھیلے گا؟ سابق کرکٹر کا دبنگ تجزیہ