کراچی: اے آروائی نیوز کی ٹیم سرعام نے اپنے ہی ٹیم ممبران کے خلاف اسٹنگ آپریشن کیا ہے اور پروگرام سرعام کی آڑ میں کئے جانے والے دھندے کو بے نقاب کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کی ٹیم سرعام نے بلیک میلنگ، فراڈ اور بھتہ خوری کی شکایات پر اپنے ہی ٹیم ارکان کے خلاف اسٹنگ آپریشن کیا،اسٹنگ آپریشن خاتون سمیت چار ملزمان کے خلاف کیا گیا، جس میں ملزمان کے خلاف اہم شواہد مل گئے ہیں۔
جن افراد کے خلاف اسٹنگ آپریشن کیا گیا ان میں وسیم قیصر، ساجد نواز ،کامران اور صدف شامل ہیں، شواہد کی فراہمی پر پولیس نے کارروائی کی، کارروائی کے دوران وسیم قیصر اور ساجد نواز کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ کامران اور خاتون صدف کی گرفتاری کے لئے پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔
رپورٹ کے مطابق چاروں ملزمان سرعام کی آڑ میں محنت کش افراد کو فراڈ کا نشانہ بناتے تھے، ملزمان پان شاپ،گٹکا فروخت کرنیوالوں کو بلیک میل کرکے رقم بٹورتےتھے، یہی نہیں خاتون سمیت چاروں ملزمان فراڈ،بلیک میلنگ کیلئے جعلی این جی او بھی چلاتے تھے۔
پولیس چاروں ملزمان کے خلاف فراڈ، بھتہ خوری اور بلیک میلنگ کےدو مقدمات درج کرلئے ہیں، مقدموں میں بھتہ خوری پر انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔